نئی دہلی،16؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی کابینہ کے اجلاس میں لڑکیوں کی شادی کی کم از کم عمر بڑھانے سے وابستہ ایک بل کو منظوری دی گئی ہے۔ گزشتہ سال وزیر اعظم نریندر مودی کے لال قلعہ سے دی گئی اپنی تقریر میں حکومت کی منشا ظاہر کی تھی۔ اس پر عمل کرتے ہوئے اب لڑکیوں کی شادی کی کم از کم عمر کی حد جل ہی 18 سے بڑھا کر 21 سال کرنے کی تیاری چل رہی ہے۔
لڑکیوں کی شادی کی عمر میں اضافہ سے متعلق بل پارلیمنٹ کے اسی اجلاس میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ شادی کی عمر کی حد بڑھانے کے لئے چائلڈ میرج ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔ اس قانون کے تحت فی الحال لڑکیوں کی شادی کی عمر کی حد 18 سال مقرر کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قانون میں تبدیلی کے لئے ترمیمی بل کو بدھ کے روز ہونے والے کابینہ اجلاس میں منظوری فراہم کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس معاملہ پر گزشتہ سال تشکیل شدہ ٹاسک فورس نے اپنی رپورٹ میں لڑکیوں کی شادی کی کم از کم عمر 18 سال سے بڑھا کر 21 سال کئے جانے کی سفارش کی تھی۔
سابق رکن پارلیمنٹ جیا جیٹلی کی صدارت میں ٹاسک فورس تشکیل دی گئی تھی، جس نے اپنی رپورٹ میں ماں بننے کی عمر کی حد اور خواتین سے واستہ دیگر موضوعات پر بھی اپنی سفارش پیش کی تھی۔